کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے پاکستان اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق دائر درخواست پر وفاقی حکومت کے وکیل کی استدعا مستردکرتے ہوئے تمام ملازمین کو45دن میں واجبات اداکرنے کاحکم دیاہے۔
جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے صدرکوآپریٹیو سوسائٹی میں کرپشن ریفرنس کے ملزم پروجیکٹ ڈائریکٹر حاجن شاہ کی سزا کے خلاف دائر اپیل پر سزا کو دس سال سے کم کرکے سات سال قید کردی ہے جبکہ پانچ کروڑ روپے جرمانے کے عدالتی فیصلے کو برقرارکررکھاہے اسی عدالت نے سابق وائس چیئرمین فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی کے سلطان قمرصدیقی کی دائرضمانت کی درخواست پر احتساب عدالت سے چار نومبر تک ریفرنس سے رپورٹ طلب کرلی ہے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل بینچ نے نیب ریفرنس میں گرفتار ملزم سابق سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ کی ضمانت کی درخواست کی سماعت سے انکار کردیا اور معاملہ چیف جسٹس کو ارسال کردیاہے۔