کراچی: سندھ کے محکمہ محنت نے مزدوروں کی فلاح کا منصوبہ شروع کرتے ہوئے بینظیر مزدور کارڈ کا اجرا کیا ہے۔ اس حوالے سے کراچی میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر محنت سندھ سعید غنی، ڈی جی نادرا سمیت کمشنر سیسی و دیگر شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے کہا کہ مزدوروں کی رجسٹریشن سے ڈیٹا کا حصول ہوگا، مزدور کارڈز کے اجراء سے محنت کشوں کو ان کا حق ملے گا۔
انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بےنظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کی ہے۔ 6 لاکھ 25 ہزار مزدور رجسٹرڈ ہیں لیکن تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، ڈیٹا نہ ہونے کے سبب لاک ڈاؤن میں مزدوروں کی مدد نہ کرسکے۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ یکم جنوری 2021 کو پہلا مزدور کارڈ جاری کریں گے، سوشل سیکورٹی، ورکر ویلفیٸر، ای او بی آئی اور ماٸنز کے قوانین کو ختم کرکے ایک قانون بناٸیں گے۔