لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حز ب اختلاف شہباز شریف نے یکم مئی پر محنت کشوں اور مزدوروں کی جدوجہد کو سلام کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکاگو سے شروع ہونے والی مزدوروں کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں محنت کش اور مزدور کے حقوق کا فروغ اور تحفظ کیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ محنت کش کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ مزدور اور محنت کش ہی دنیا کو سنوارنے کی بنیاد بنتے ہیں۔ دنیا میں آجر اور اجیر کے درمیان وسائل اور حقوق کی تقسیم کا توازن آج بھی ٹھیک نہیں۔ دنیا میں آج بھی مزددور کے استحصال کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال یکم مئی کورونا کے وبال اور معاشی زوال کے دور میں آیا ہے۔ کورونا اور معاشی بربادی کا سب سے زیادہ بوجھ مزدور، محنت کش برداشت کررہے ہیں۔ دلی رنج ہے کہ حکومت مزدور، دیہاڑی داروں کو امداد، ریلیف اور راشن نہیں پہنچا سکی۔ ہر خاندان، محلہ، علاقہ اپنے قریب مزدور، محنت کش اور مستحق افراد کی مدد کریں۔ رمضان المبارک کے ماحول میں کورونا وباء سے لڑتے ہوئے مزدور، محنت کش ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔اللہ تعالی نے محنت کش کو اپنا دوست قرار دیا، پسینہ خشک ہونے سے پہلے مزدوری ادا کرنے کا حکم دیا۔ شکاگو سے شروع ہونے والی مزدوروں کی جدوجہد آج بھی جاری ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں محنت کش اور مزدور کے حقوق کا فروغ اور تحفظ کیا۔ محمد نوازشریف نے مزدور کی کم ازکم اجرت بڑھائی، صحت، ان کے بچوں کی تعلیم کے اقدامات کئے۔ معاشرے میں حقیقی تبدیلی مزدور کے حالات کار میں تبدیلی سے ہی آسکتی ہے۔
صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل 50 روپے فی لٹر کرکے یکم مئی پر مزدوروں کو تحفہ دے سکتی تھی۔ حکومت بجلی اور گیس کی قیمت میں پچاس فیصد یا کم ازکم ایک تہائی کمی کرکے محنت کشوں کو آج ریلیف دے سکتی تھی۔ کورونا وباء کے دوران خاص طورپر مزدور اور دیہاڑی طبقے کے لئے امداد کی فراہمی کو حکومت یقینی بنائے