ویب ڈیسک : وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مزدوروں کے مفاد کے لیے تعمیراتی صنعت کھولی کیونکہ اس میں مزدور کا سب سے زیادہ کردار ہوتا ہے جس پر ہمیں تنقید کا سامنا ہوا ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ بوجھ مزدور طبقے پر پڑا اور وہ اپنی آمدن سے محروم ہوگئے، وزیراعظم کو مزدوروں کی سب سے زیادہ فکر تھی اور ان کی جو بھی پالیسی آئی ہے اس کا محور مزدور رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے احساس پروگرام کے تحت مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے کا پیکیج دیا، اس کے بعد احساس پروگرام کے ذریعے شفاف طریقے سے مزدوروں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے انہیں 12 ہزار روپے دیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صنعتوں کے مالکان اور کاروباری افراد کو اس بات پر راغب کیا کہ اگر وہ مزدوروں کی تنخواہیں دیں گے تو ہم صنعتوں کو مراعات دیں گے۔