اسلام آباد : سارک چیمبر آف کامرس کے نامزد صدر افتخار علی ملک نے معیشت میں مسلسل اصلاحات اور کورونا وباء کے دوران عوام اور بزنس کمیونٹی کیلئے مراعاتی پیکجز اور اربوں روپے مختص کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ریلیف پیکیجز سے برآمدای شعبے کو بڑا ریلیف ملے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو تاجروں کے وفد کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا افتخار علی ملک نے کہا کہ کورونا سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں معیشت اور اقتصادی ترقی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس مشکل وقت میں ایسے ہی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2013ء میں جی ایس پی پلس سٹیٹس کے بعد یورپی یونین پاکستان کی دوسری بڑی تجارتی منڈی ہے اس لئے حکومت کو وہاں حالیہ معاشی تبدیلیوں کے اثرات کی سٹڈی پر توجہ دینی چاہئے۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ حالات معمول پر آنے کے بعد پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں، افریقہ اور جنوبی امریکہ کے ساتھ قریبی روابط قائم کر کے برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتا ہے لیکن اس کیلئے حکومت کو نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی اور ان کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہوگا انہوں نے کہ سارک ممالک کو معیارات کی تشکیل، خدمات کی تجارت کے فروغ، ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے اور دیگر شعبوں میں بھی مل کر کام کرنا ہوگا